لاہور : انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی عسکری ٹاور حملہ کیس می خدیجہ شاہ سمیت 4 ملزمان کو اشتہاری قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق 9 مئی کو عسکری ٹاور پر حملے کے کیس میں انسداد دہشت گردی عدالت نے غیر حاضر ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے خدیجہ شاہ سمیت چار ملزمان کو اشتہاری قرار دے دیا ہے۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے ایڈمنسٹریٹو جج منظر علی گل نے کیس کی سماعت کی، جس کے دوران عدالت نے خدیجہ شاہ، حمزہ سہیل، عثمان اسلم اور احمد مرسلین کے دائمی وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیے، یہ کارروائی ملزمان کی مسلسل عدم حاضری پر عمل میں لائی گئی۔
عدالت کو بتایا گیا کہ ملزمان عسکری ٹاور حملہ کیس میں مرکزی ٹرائل کے لیے مسلسل پیش نہیں ہو رہے تھے۔
سماعت کے دوران سرکاری وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ خدیجہ شاہ 9 مئی کے ایک اور مقدمے میں سزا سنائے جانے کے بعد روپوش ہو چکی ہیں، جبکہ دیگر ملزمان بھی گرفتاری کے خوف سے عدالت میں پیش ہونے سے گریز کر رہے ہیں۔
عدالت نے قانون کے مطابق مزید کارروائی کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔


