اسلام آباد(5 دسمبر 2025): عدالت نے پی ٹی آئی رہنما مرزا شہزاد اکبر کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔
اسلام آباد کی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مرزا شہزاد اکبر کو اشتہاری قرار دینےکا تحریری حکم جاری کردیا، جوڈیشل مجسٹریٹ محمد عباس شاہ کی جانب سے تحریری حکم جاری کیا گیا ہے۔
عدالت نے مرزا شہزاد اکبر کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا بھی حکم دیا ہے، مرزا شہزاد اکبر متعدد بار طلب کرنے کے باوجود عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔
مرزا شہزاد اکبر کیخلاف مقدمے کا چالان بھی عدالت میں جمع کروایا جاچکا ہے، یاد رہے کہ ان کیخلاف ٹویٹر پر متنازع بیانات کی بنیاد پر مقدمہ درج ہے جبکہ این سی سی آئی اے نے شہزاد اکبر کیخلاف جولائی 2025 میں مقدمہ درج کیا تھا۔
شہزاد اکبر پی ٹی آئی کی حکومت ختم ہونے کے بعد برطانیہ چلے گئے تھے جہاں کی وہ شہریت بھی رکھتے ہیں۔ کچھ عرصہ قبل شہزاد اکبر کر لندن میں تیزاب گردی کا واقعہ بھی پیش آیا تھا۔
حکومت پاکستان نے برطانیہ سے شہزاد اکبر اور عادل راجہ کی حوالگی کا مطالبہ بھی کیا ہے اور اس حوالے سے چند روز قبل وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ بیرون ملک بیٹھ کر ریاست کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والوں کو جلد وطن واپس لایا جائے گا اور انہیں اپنے ہر بیان کا جوابدہ ہونا پڑے گا۔
پاکستان کا برطانیہ سے شہزاد اکبراور عادل راجہ کی حوالگی کا مطالبہ
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


