ہفتہ, جولائی 18, 2026
اشتہار

نیب دفترہنگامہ آرائی کیس: ن لیگی ایم پی اے کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : انسداد دہشت گردی عدالت نے نیب آفس کے باہر ہنگامہ آرائی کیس میں پولیس کی ن لیگی ایم پی اے خواجہ عمران نذیر کےمزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے جوڈیشل ریمانڈپرجیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے خواجہ عمران نذیرکیخلاف ہنگامہ آرائی کیس کی سماعت کی، خواجہ عمران نذیرکو ایک دن کا جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا۔

عدالت نے پولیس کی جانب سے ن لیگی ایم پی اے کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے خواجہ عمران نذیر کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے کہا جوڈیشل ریمانڈختم ہونےپر دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے۔

گذشتہ روز عدالت نے خواجہ عمران نذیر کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرتے ہوئے 11 نومبر کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

بعد ازاں خواجہ عمران نذیر کی جانب سے استدعا کی گئی کہ جسمانی ریمانڈ کم کیا جائے، ملزم نے موقف اختیار کیا تھا کہ ہفتے والے دن سے گرفتار ہوں، دوران حراست تنگ کیا جا رہا ہے، دوران حراست تنگ کرنے کیلئے بار بار تصاویر بنا کر کہیں بھیجی جاتی ہیں۔

عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے جسمانی ریمانڈ دو دن کی بجائے ایک روز کر دیا تھا۔

یاد رہے 7 نومبر کو نیب دفترہنگامہ آرائی کیس میں مسلم لیگ ن کے ایم پی اےعمران نذیر کو گرفتار کیا تھا، مریم نوازکی نیب پیشی پر خواجہ عمران نذیرکی گاڑی میں پتھرلائے گئے تھے۔

اہم ترین

عابد خان
عابد خان
عابد خان اے آروائی نیوز سے وابستہ صحافی ہیں اور عدالتوں سے متعلق رپورٹنگ میں مہارت کے حامل ہیں

مزید خبریں