اسلام آباد: عدالت نے 9 مئی سمیت دیگر 5 مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری سے روک دیا اور اگلی سماعت پر بذریعہ ویڈیولنک پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں بانی پی ٹی آئی کیخلاف 9 مئی و دیگر 5 کیسز کی سماعت ہوئی۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے کیسز پر سماعت کی، سردار محمد مصروف خان ایڈووکیٹ اور زاہد شبیر ڈار عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے 9 مئی سمیت دیگر 5 مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری سے روک دیا، 23 دسمبرتک متعلقہ مقدمات میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی گرفتاری سے روک دیا گیا۔
عدالت نےدونوں کی ضمانت قبل از گرفتاری میں توسیع کرتے ہوئے اگلی سماعت میں بانی پی ٹی آئی کو عدالت میں یا بذریعہ ویڈیولنک پیش کرنےکی ہدایت کردی۔
بانی پی ٹی آئی کی عدم دستیابی کے باعث ضمانت کی درخواستوں پر دلائل نہ ہوسکے، جس پر عدالت نے سماعت 23 دسمبر تک ملتوی کردی۔
خیال رہے بانی پی ٹی آئی کے خلاف 9 مئی واقعات، اقدام قتل اور مبینہ جعلی رسیدوں سمیت متعدد مقدمات زیرِ سماعت ہیں، جبکہ بشریٰ بی بی کے خلاف بھی جعلی رسیدیں جمع کرانے کا مقدمہ درج ہے


