گوجرانوالہ: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پریانتھا کمارا قتل کیس میں گرفتار 79 ملزمان کا مزید چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے 31 جنوری کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ کی انسداددہشت گردی عدالت میں پریانتھا کمارا قتل کیس کی سماعت ہوئی ، پولیس نے 79 ملزمان کو عدالت میں پیش کیا۔
پولیس نے عدالت کو بتایا 7ملزمان کو پہلے ہی جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کر دیا گیا ہے، آج پیش کئےگئے79 ملزمان میں ایک اورملزم کی گرفتاری ہوئی ہے۔
عدالت نے تمام 79 ملزمان کا مزید چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا اور تمام ملزمان کو 31 جنوری کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔
یاد رہے پولیس نے سانحہ سیالکوٹ کے ابتدائی چالان میں 85ملزمان کونامزد کیا تھا جبکہ 10 سے 12 مرکزی ملزمان قرار دیئے گئے تھے ، مرکزی ملزمان میں متعدد فیکٹری کے ملازمین شامل ہیں۔
واضح رہے کہ سیالکوٹ میں واقع لیدر فیکٹری میں کام کرنے والے غیرملکی مینیجر پریانتھا کو ملازمین نے توہین مذہب کا الزام لگا کر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا کر ہلاک کیا اور پھر لاش کو چوک پر نذر آتش کردیا تھا۔