دادو: عدالت نے منشیات رکھنے کا جرم ثابت ہونے پر ملزم کو انوکھی سنادی، عدالتی حکم پر ملزم پانچ وقت کی نماز باجماعت مسجد میں ادا کرے گا اور مسجد کی صفائی و ستھرائی بھی کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق دادو کی عدالت نے ملزم عامر پر تین کلو گرام منشیات رکھنے کا الزام ثابت ہونے کے بعد اسے سزا سناتے ہوئے محلے کی مسجد میں پانچ وقت نماز ادا کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے فیصلے میں ملزم کو مسجد کی صفائی و ستھرائی اور نماز کے اوقات میں مسجد کو کھولنے اور بند کرنے کی ہدایت بھی کی، عدالت نے مسجد کے پیش امام کو نگراں مقرر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملزم کی کارکردگی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جائے۔
دیکھیں ویڈیو
پیش امام کا کہنا ہے کہ ملزم عدالتی فیصلے کے بعد مسجد میں پانچ وقت کی نماز باجماعت ادا کرتا ہے اور صفائی ستھرائی کے امور بھی دیانت داری سے انجام دے رہا ہے۔
ملزم عامر نے عدالتی فیصلے سے مطمئن ہوتے ہوئے کہا ہے کہ جج کا فیصلہ ایک اچھا اقدام ہے کیونکہ اب میں پانچ وقت کی نماز باجماعت ادا کرتا ہوں اور مسجد کی صفائی ستھرائی کا خیال بھی رکھتا ہوں۔
واضح رہے کہ پولیس نے ملزم کو تین کلو گرام منشیات رکھنے کے جرم میں گرفتار کیا تھا جس کے بعد عدالت نے اسے ایک سال کی سزا سنائی ہے۔