کراچی : ایڈیشنل اینڈ سیشن جج شرقی نے عدم حاضری پر ایس ایس پی راو انوار، ڈی ایس پی خالد سمیت دیگر اہلکاروں کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق سٹی کورٹ میں سلیم شہزاد کے خلاف جلاو گھیراو، قتل اور ہنگامہ آرائی کے معاملہ پر سماعت ہوئی، سماعت میں ایس ایس پی ملیر راﺅ انوار اور ڈی ایس پی خالد کے پیش نہ ہونے پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔
عدالت نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقدمات گواہوں کی عدم حاضری پر التوا کا شکار ہورہے ہیں، عدالت نے کہا کہ ایس ایس پی راو انوار کو متعدد بار پیش ہونے کے نوٹسسز جاری کئے جاچکے ہیں،نوٹس تعمیل ہونے کے باوجود وہ پیش نہیں ہورہے۔
جس پر ایڈیشنل اینڈ سیشن جج شرقی نے ایس ایس پی راو انوار، ڈی ایس پی خالد سمیت دیگر اہلکاروں کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔
عدالت نے ڈی آئی جی شرقی کو حکم دیا ہے کہ راﺅ انوار اور ڈی ایس پی سمیت دیگر اہلکاروں کو ہتھکڑی لگاکر 25 نومبر کو عدالت میں پیش کیا جائے۔
بعد ازاں لیم شہزاد کے خلاف جلاو گھیراو، قتل اور ہنگامہ آرائی کے معاملہ پر سماعت گواہوں کی عدم حاضری پر 25 نومبر تک ملتوی کردی۔
خیال رہے کہ سلیم شہزاد کے خلاف لانڈھی تھانہ میں 3 مقدمات 1992 سے درج ہیں۔