پشاور : پشاور ہائیکورٹ نے پیسکو کو رمضان میں سحری اورافطاری کے وقت لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف دائر درخواست پر پشاور ہائی کورٹ نے 5 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔
عدالت نے پیسکو کو ہدایت کی ہے کہ ماہِ رمضان میں سحری اور افطار کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ نہ کی جائے۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اگر لوڈ شیڈنگ ناگزیر ہو تو اس کے لیے شفاف شیڈول جاری کیا جائے اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے اجتناب برتا جائے۔
عدالت نے پیسکو کو ہدایت کی کہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لیے ٹھوس اور مؤثر اقدامات کیے جائیں اور تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
فیصلے میں یہ بھی کہا گیا کہ بجلی کی پیداوار اور تقسیم سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
عدالت نے قرار دیا کہ ملک میں پاور سیکٹر میں بجلی کی قلت سے متعلق زمینی حقائق کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا اور یہ قابلِ عمل نہیں کہ عدالت 24 گھنٹے بجلی کی بلا تعطل فراہمی کا حکم دے اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں پر لازم ہے کہ وہ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے گریز کریں۔
تحریری فیصلے کے مطابق لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لیے تین وکلا نے درخواست دائر کی تھی۔
سماعت کے دوران پیسکو کے وکیل نے عدالت کے دائرہ اختیار پر اعتراض اٹھاتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ اس معاملے کے لیے متعلقہ اپیلیٹ ٹریبونل موجود ہے، تاہم عدالت نے اپنے فیصلے میں واضح ہدایات جاری کر دیں۔
عدالت نے پیسکو سمیت تمام فریقین کو خصوصی طور پر ماہِ رمضان میں بجلی کی ترسیل یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


