تازہ ترین

عدالت کا وزیراعظم کو لاپتہ افراد کو پیش کرنے کا حکم

اسلام آباد ہائیکورٹ نے لاپتہ افراد سے متعلق کیس کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا ہے جس میں وزیراعظم شہباز شریف کو لاپتہ افراد کو پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے لاپتہ افراد سے متعلق کیس کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا ہے جس میں وزیراعظم شہباز شریف کو لاپتہ افراد کو پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ 9 ستمبر تک لاپتہ افراد کی عدالت میں پیشی کو یقینی بنایا جائے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اگر وزیراعظم 9 ستمبر تک لاپتہ افراد کو عدالت میں پیش کرنے میں ناکام ہوں تو وہ ذاتی حیثیت میں اسی روز صبح ساڑھے 10 بجے خود پیش ہوں۔

حکمنامے میں مزید کہا گیا ہے کہ اٹارنی جنرل کو بھی لاپتہ افراد کیس میں دلائل کا آخری موقع دیا جاتا ہے اور جبری گمشدگیوں پر وزیراعظم سے مزید توقع کی جاتی ہے کہ وہ یہ ثابت کرینگے کہ جبری گمشدگیوں کا رجحان ریاست کی غیر اعلانیہ پالیسی نہیں ہے۔

عدالتی حکمنامے میں درج ہے کہ وزارت داخلہ 25 مئی 2022 کو دی گئی ہدایات کی تعمیل یقینی بنائیں اور رجسٹرار آفس آرڈر کی کاپیاں مذکورہ بالا پبلک آفس ہولڈرز کو خصوصی میسجز کے ذریعے تعمیل کیلیے بھیجیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے تحریری حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ کیس کی مزید سماعت عدالت ہذا میں 9 ستمبر کو ہوگی۔

واضح رہے کہ حکومت کی اتحادی جماعت بلوچستان نیشنل پارٹی نے بھی لاپتہ افراد پر قومی اسمبلی میں بل لانے کا اعلان کرتے ہوئے بل کی حمایت نہ کرنے پر حکومت چھوڑنے کا انتباہ دے دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بی این پی کا لاپتہ افراد پر بل کی حمایت نہ کرنے پر حکومت چھوڑنے کا انتباہ

بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنما اور وزیر مملکت ہاشم نوتیزئی نے اعلان کیا ہے کہ اب ہم اسمبلی میں لاپتہ افراد پر بل لائیں گے اور پھر دیکھیں گے کہ کون ہمارے ساتھ ہے اور کون نہیں۔

Comments

- Advertisement -