اسلام آباد : سیشن عدالت نے پولیس کو آج عدالتی وقت ختم ہونے سے قبل پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کی اشیا واپس کرنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں اداروں کو بغاوت پر اکسانے کے کیس کی سماعت ہوئی۔
پی ٹی آئی رہنما شہباز گل سیشن عدالت پہنچے، پی ٹی آئی رہنما راجہ خرم نواز بھی شہباز گل کے ہمراہ تھے۔
شہباز گل ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا کی عدالت میں پیش ہوئے ، دوران سماعت شہباز گل نے وکیل کرنے کے لیے مزید وقت دینے کی استدعا کی۔
عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت 20 اکتوبر تک ملتوی کردی۔
جج نے حکم دیا کہ اگر شہباز گل کی اشیا واپس نہ کی گئیں تو پھر عدالت آجائیں ، عدالت نے پولیس کو آج عدالتی وقت ختم ہونے سے قبل شہباز گل کی اشیا واپس کرنے کا حکم دے دیا۔
خیال رہے عدالت نے گزشتہ سماعت پر سپرداری کی درخواست جزوی منظوری پر شہباز گل کی اشیا واپس کرنے کا حکم دیا تھا۔


