مانچسٹر: انگلینڈ کی مقامی عدالت نے بیوی پر کرکٹ بلے سے حملہ کرنے اور زبردستی بلیچ پلانے والے کھلاڑی کو جیل کی سزا سُنا دی۔
تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کے شہر مانچسٹر کے ایک شہری کو اپنی بیوی پر کرکٹ کے بلے سے حملہ کرنے اور زبردستی بلیچ پلانے کے الزام میں عدالت نے جیل کی سزا سنا دی۔
لیسٹر شائر کرکٹ کلب کی نمائندگی کرنے والے مصطفیٰ بشیر نے اپنی اہلیہ پر بلے سے حملہ کیا اور انہیں تیزاب پلانے کی کوشش کی، جس کے بعد اہلیہ نے کھلاڑی کے خلاف مقدمہ درج کروایا۔
بی بی سی کے مطابق گزشتہ ماہ سماعت کے دوران مصطفیٰ بشیر کے وکلا نے موقف پیش کیا کہ اگر کھلاڑی کو سزائے قید دی تو ان کا کرکٹ کریئر ختم ہو جائے گا اور لیسٹر شائر کرکٹ کلب کی طرف سے دیا جانے والا کنٹریکٹ ان کے ہاتھ سے نکل جائے گا۔
مانچسٹر کراؤن کورٹ کے جج رچرڈ مانسل نے پچھلے مہینے کیے جانے والے فیصلے کا دوبارہ جائزہ لینے کے بعد کہا کہ عدالت کو ’بنیادی طور پر گمراہ‘ کیا گیا اس لیے مصطفی بشیر کو 18 ماہ جیل قید کی سزا سنائی جاتی ہے۔
کرکٹر کا کہنا ہے کہ انہوں نے ذہنی کشمکش اور جذبات کے باعث اپنے وکیل کی بات پر غور نہیں کیا جس کی بنا پر غلط فہمیاں پیدا ہوئیں اور عدالت میں واضح مؤقف پیش نہیں کیا گیا۔
جج رچرڈ مانسل مصطفی بشیر کے دعوؤں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ’عدالت کے سامنے آپ نے واضح طور پر دعویٰ کیا تھا کہ آپ کا کرکٹ کا معاہدہ ہے۔‘