لندن: برطانیہ نے کرونا پابندیوں کے خاتمے کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق برطانیہ نے ایسٹر سے قبل تمام کرونا پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
جمعہ 18 مارچ سے برطانیہ میں مسافروں کے لیے کرونا وائرس سے متعلق تمام بین الاقوامی سفری پابندیاں ختم ہو جائیں گی، مسافروں کے لیے ویکسینیشن کی شرط بھی ختم کر دی گئی ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق جنھوں نے ویکسین نہیں لگوائی، ان کو سفر سے پہلے کرونا ٹیسٹ بھی نہیں کروانا پڑے گا، اور نہ ہی مسافروں کو لوکیٹر فارم جمع کروانے کی ضرورت ہوگی۔
ہوٹلوں میں قرنطینہ انتظام کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ مارچ سے وہ بھی مکمل طور پر ختم کر دیا جائے گا، اس طرح برطانیہ پہلی بڑی معیشت والا ملک بن جائے گا جو کرونا کے بین الاقوامی سفری پابندیوں کا خاتمہ کرے گا، اور یہ مسافروں، سفر اور ہوا بازی کے شعبے کے لیے ایک تاریخی لمحہ بھی ہوگا۔
برطانوی وزیر ٹرانسپورٹ گرانٹس شاپس نے کہا کہ سفری پابندیاں ختم کرنے کا مطلب ہے کہ لوگ پرانے وقت کی طرح دوبارہ سفر کر سکیں گے۔
واضح رہے کہ برطانیہ میں 86 فی صد آبادی کو کرونا ویکسین کی دوسری ڈوز ملی ہے اور 67 فی صد آبادی بوسٹر یا تیسری ڈوز بھی لے چکی ہے۔