کراچی : شہر قائد میں تین ماہ کے دوران مختلف واقعات میں ساٹھ سے زائد افراد جان سے گئے جبکہ نوہزار چھ سوچونسٹھ شہریوں کوموبائل فون سےمحروم کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں اسٹریٹ کرائم کا بازار گرم ہے، سی پی ایل سی نے کراچی میں تین ماہ کے دوران ہونیوالے جرائم کی فہرست جاری کردی، جس میں بتایا گیا ہے کہ تین ماہ کے دوران پولیس اہلکاروں سمیت ساٹھ سے زائد شہریوں کوموت کےگھاٹ بھی اتاردیاگیا۔
رپورٹ کے مطابق نوہزار چھ سو چونسٹھ شہریوں کوموبائل فون سےمحروم کیا گیاجبکہ پانچ ہزار آٹھ سو تیرہ موٹرسائیکل چوری یا چھینی گئیں اور شہری تین سو پینتیس کاروں سے محروم ہوئے۔
رپور ٹ میں بتایا گیا بھتے کی آٹھ سے زائد شکایات موصول ہوئیں۔ بینک ڈکیتی اور نقب زنی کی دو وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔
مزید پڑھیں : ماہ فروری : 26 افراد قتل، شہری ڈھائی ہزار سے زائد موبائل فون سے محروم
یاد رہے گذشتہ ماہ فروری کے دوران26افراد کو مختلف وارداتوں میں موت کی نیند سلا دیا گیا، اس کے علاوہ دو افراد کو اغوا اور دو تاجروں سے بھتہ وصول کیا گیا۔
سی پی ایل سی رپورٹ کے مطابق صرف فروری میں دو ہزار پانچ سو بیاسی موبائل فونز چھینے گئے یا چوری ہوئے، ساڑھے انیس سو شہری موٹر سائیکل سے محروم ہو گئے جبکہ ایک سو ایک افراد سے گاڑیاں چھینی یا چوری کی گئیں، چھینے گئےچار سو بیالیس موٹرسائیکلیں، چھیالیس گاڑیاں اور ایک سو آٹھ موبائل فونز برآمد ہوئے۔