سی پی این ای نے سینئر اینکر عمران ریاض کی گرفتاری کو غیر قانونی اور غیر آئینی قرار دیتے ہوئے انہیں فوری رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سی پی این ای نے سینئر اینکر عمران ریاض کی گرفتاری کو غیر قانونی اور غیر آئینی قرار دیتے ہوئے انہیں فوری رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور صدر سی پی این ای کاظم خان نے کہا ہے کہ صحافیوں پر جعلی مقدمات واپس اور گرفتاریاں روکی جائیں جب کہ حکومت پیکا آرڈیننس پر اپنی پوزیشن واضح کرے۔
صدر سی پی این ای کاظم خان نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ صحافیوں کیخلاف کیسز میں پیکا دفعات شامل ہونا باعث تشویش ہے، کیا ہمیں پیکا آرڈیننس کے خلاف دوبارہ کھڑا ہونا ہے؟ حکومت بزدلی کامظاہرہ نہ کرے اور آزادی اظہار رائے پر پابندی نہ لگائے۔
ان کا کہنا تھا کہ صحافیوں پر مارشل لاطرز کے آمرانہ استحصالی اقدامات کی مذمت کرتے ہیں، پاکستان صحافیوں کیلئے خطرناک اور صحافت سنگین جرم بنتا جارہا ہے، وفاقی اور صوبائی حکومتیں صحافیوں اور انکے اہل خانہ کو تحفظ فراہم کریں۔
واضح رہے کہ سینیئر صحافی اور اینکر عمران ریاض خان کو دو روز قبل اٹک پولیس نے اسلام آباد ٹول پلازہ سے گرفتار کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ایمنسٹی انٹرنیشنل کا صحافی عمران ریاض خان کی گرفتاری پر اظہار تشویش
گزشتہ روز ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی عمران ریاض کی گرفتاری پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکام مخالفت میں اٹھائی جانے والی آوازوں کو سزا دینا بند کیا جائے۔