کراچی: اے آئی جی ایڈمنسٹریشن عدیل حسین چانڈیو نے سنٹرل پولیس آفس میں پان گٹکا اور چھالیہ کھانے اور گندگی پھیلانے کے خلاف اقدامات کرنے کامطالبہ کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اے آئی جی ایڈمنسٹریشن عدیل حسین چانڈیو نے سی پی او میں صفائی ستھرائی برقرار رکھنے کے لئے اعلی ٰپولیس حکام کو خط لکھ کر تعاون طلب کیا ہے۔
خط میں سنٹرل پولیس آفس میں دفتر رکھنے والے تمام ایڈیشنل آئی جیز، ڈی آئی جیز، اے ائی جی اور دیگر افسران سے اپنے ا پنے اسٹاف کو صفائی کا خاص خیال رکھنے کےلئے پابند کرنے کی اپیل کی گئی ہے ۔
عدیل چانڈیو کی جانب سے لکھے گئے خط میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ تمام افسران اپنےاسٹاف کو پابند کریں کہ وہ کسی جگہ بھی گٹکا پان نہ تھوکیں اور اپنے اپنےدفاتر کے کمرے، راہداریاں اور اردگرد کا ماحول صاف رکھا جائے۔
یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ سی پی او میں صفائی ستھرائی برقرار رکھنے کے لئے محدود اسٹاف ہے، سی پی او آنے والے سویلین اور یونیفارم والے بعض افسران اور اہلکار بھی پان، گٹکا اور چھالیہ جگہ جگہ تھوکتے ہیں۔
خط کےمندرجات کے مطابق عمارت کی بالکونیوں، راہداریوں اور سیڑھیوں پر گندگی کے باعث ماحول خراب نظر آتا ہے، مشترکہ تعاون اور کوششوں سے ہی دفاتر اور اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھنا ممکن ہوسکتا ہے۔