کراچی (6 جنوری 2026): جنٹلمین کا گیم کہلانے والا کرکٹ کا کھیل بھی تنازعات کا شکار رہا ہے اور کئی آئی سی سی ایونٹ اس سے متاثر ہوئے۔
آئی پی ایل تنازع کے بعد بنگلہ دیش نے آئندہ ماہ ہونے والے آئی سی سی ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے بھارت جانے سے انکار کر دیا ہے اور آئی سی سی سے اس کے میچز سری لنکا منتقل کرنے مطالبہ کیا ہے۔
تاہم ایسا پہلی بار نہیں کہ آئی سی سی ایونٹ میں کسی ٹیم نے میزبان ملک جانے سے انکار کیا ہوا بلکہ کرکٹ ورلڈ کپ کی تاریخ ایسے تنازعات سے بھری پڑی ہے۔
کرکٹ کی تاریخ میں کئی ناخوشگوار یادیں بھی شامل ہیں۔ کبھی سیاسی کشیدگی، تو کبھی سیکیورٹی مسائل، یہ وجوہات بنیں کرکٹ کے عالمی ایونٹس کو متاثر کرنے کی۔
سب سے پہلے 1996 کے ایک روزہ عالمی کپ میں سیکیورٹی خدشات کو وجہ بناتے ہوئے آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں میگا ایونٹ کے شریک میزبان ملک سری لنکا نہیں گئیں۔
تاہم ان کا نہ جانا سری لنکن ٹیم کے لیے خوش بختی کے دروازے کھول گیا اور دو میچز کے واک اوور پوائنٹ ملنے سے میزبان ٹیم کو عالمی چیمپئن بننے میں بھرپور مدد ملی۔
اس سے اگلا ورلڈ کپ 2003 میں جنوبی افریقہ، زمبابوے اور کینیا کی مشترکہ میزبانی میں ہوا۔
اس ایونٹ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے سیکیورٹی کی وجہ سے کینیا جانے سے انکار کیا جب کہ انگلش ٹیم نے سیاسی کشیدگی کو بنیاد بناتے ہوئے زمبابوے جانے سے اجتناب برتا۔
انگلینڈ میں 2009 میں ہونے والے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں برطانیہ نے سیاسی بنیاد پر زمبابوے کی ٹیم کو ویزے جاری نہ کیے، جس کے بعد زمبابوے کرکٹ بورڈ نے ایونٹ سے دستبرداری کا اعلان کر دیا۔
گزشتہ برس 2025 میں پاکستان نے 29 سال کے طویل عرصہ بعد کسی آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کرتے ہوئے چیمپئنز ٹرافی کو اپنے میدانوں پر منعقد کرایا۔
تاہم بھارت نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان نہ آنے کا اعلان کیا۔ انڈیا کے میچز ہائبرڈ ماڈل کے تحت دبئی میں کھیلے گائے۔ تاہم اس موقع پر پاکستان نے بھی جیسے کو تیسا داؤ کھیلا اور آئی سی سی سے اگلے تین سال تک اپنی ٹیم بھی کسی ایونٹ کے لیے بھارت نہ بھیجنے کا تحریری معاہدہ کرایا۔
اسی معاہدے کے تحت آئندہ ماہ شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی پاکستان ٹیم اپنے تمام میچ بھارت کے بجائے سری لنکا میں کھیلے گی۔
اب آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ سے ایک ماہ قبل بنگلہ دیشی فاسٹ بولرمستفیض الرحمان کو آئی پی ایل سےنکالنا بھارت کے گلے کی ہڈی بن گیا ہے۔ بنگلہ دیش نے انڈیا جا کر ورلڈ کپ کھیلنے سے انکار کر دیا ہے۔
اب گیند آئی سی سی کی کورٹ میں ہے کہ بنگلہ دیش کہاں کھیلے گی؟ اگر آئی سی سی نے میچز منتقل نہ کیے تو کیا بنگلہ دیش بھی ایونٹ سے دستبردار ہو جائے گا؟ یہ فیصلہ بنگلہ بورڈ نے کرنا ہے۔
PSL کی 2 نئی ٹیموں کے لیے پہلی بولی کون دے گا؟ نام سامنے آگیا


