اسلام آباد : پی ٹی آئی اراکین قومی اسمبلی کے استعفوں سے پارلیمنٹ کی 36قائمہ کمیٹیوں کا نظام تعطل کا شکار ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی اراکین قومی اسمبلی کے استعفوں نے بحرانی صورتحال پیدا کردی ، پارلیمنٹ کی 36قائمہ کمیٹیوں کا نظام تعطل کا شکار ہے۔
پی ٹی آئی کے اتحادیوں کی حکومت میں شمولیت نے کمیٹیوں کا مسئلہ اور گھمبیر کردیا ، پاور، کامرس،انسانی حقوق اور انڈسٹری اینڈ پروڈکشن کی قائمہ کمیٹیوں کی چئیرمین شپ خالی ہے۔
پی ٹی آئی اراکین کےاستعفوں کی منظوری کا عمل آگے نہیں بڑھ سکا ، اسپیکرقومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے استعفوں کی منظوری کے حوالے سے نوٹس جاری کئے لیکن تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی تصدیق کے لیے نہیں آئے۔
خیال رہے تحریک انصاف کے 14ارکان قائمہ کمیٹیوں کے چئیرمین تھے۔
یاد رہے پی ٹی آئی ارکان کے استعفوں کے معاملے پر اسپیکرقومی اسمبلی پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ کچھ ارکان نے رابطےکئے ہیں فی الحال میں منتظرہوں جب وقت ختم ہوگاتوفیصلہ کروں گا۔
پرویز اشرف نے کہا تھا کہ جس تاریخ سے استعفے آئے ان کی تنخواہ روک دی گئی ہدایت کی ہے اور جنہوں نے استعفےدیئے ان کی تفصیلات دی جائیں۔