کاسکائس : عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو اور ان کی دیرینہ ساتھی جارجینا روڈریگز بالآخر 10 سالہ رفاقت کے بعد شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔
جوڑے نے منگل کے روز پرتگال کے ساحلی شہر کاسکائس میں ایک سادہ اور نجی تقریب میں سول میرج کی۔ تقریب میں ان کے 5 بچے بھی شریک ہوئے۔
رونالڈو اور جارجینا کی شادی کی اطلاع ان کی نمائندہ تعلقاتِ عامہ کمپنی نے دیتے ہوئے اسے ایک "نجی اور پُرمحبت لمحہ” قرار دیا۔ شادی کے بعد دونوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹس پر ایک تصویر بھی شیئر کی، جس میں ان کی شادی کی انگوٹھیاں نمایاں تھیں۔
رونالڈو اور جارجینا کی ملاقات تقریباً ایک دہائی قبل اسپین کے شہر میڈرڈ میں ہوئی تھی، جس کے بعد دونوں طویل عرصے سے ایک ساتھ زندگی گزار رہے تھے۔
41سالہ کرسٹیانو رونالڈو فٹبال کی دنیا کے معروف ترین ستاروں میں شمار ہوتے ہیں اور 5 مرتبہ عالمی سطح پر سال کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔ حال ہی میں وہ پرتگال کی جانب سے ریکارڈ برابر کرنے والے اپنے چھٹے ورلڈ کپ میں شرکت کرچکے ہیں۔
رونالڈو کا سعودی کلب النصر بھی ہفتے سے اپنی ڈومیسٹک لیگ مہم کا آغاز کرنے والا ہے، تاہم اس وقت فٹبال کے میدان سے باہر ان کی زندگی کی سب سے بڑی خبر ان کی شادی ہے۔


