لندن(10 مئی 2026): فٹبال کے معروف کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو اور لیونل میسی سمیت عالمی شخصیات لاکھوں فالوورز سے محروم ہوگئے۔
فٹبال کے معروف کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو اور لیونل میسی سمیت عالمی شخصیات لاکھوں فالوورز سے محروم ہوگئے، تاہم میٹا نے فالوورز کم ہونے کی وجہ بھی بتادی ہے۔
میٹا کی ملکیت سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام کی جانب سے غیر فعال اکاؤنٹس کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کے نتیجے میں فٹبال لیجنڈز کرسٹیانو رونالڈو اور لیونل میسی سمیت متعدد عالمی شخصیات کے فالوورز کی تعداد میں لاکھوں کی کمی واقع ہوئی ہے۔
انسٹاگرام پر اچانک فالوورز گرنے سے صارفین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی تھی اور کئی لوگ اسے کسی منظم ’ان فالو مہم‘ کا نتیجہ سمجھ رہے تھے۔ تاہم رپورٹس کے مطابق میٹا نے پلیٹ فارم کو شفاف بنانے کے لیے اسپیم، بوٹس اور غیر فعال پروفائلز کو حذف کرنے کی مہم چلائی، جس کا سب سے زیادہ اثر معروف شخصیات پر پڑا۔
رپورٹس کے مطابق انسٹاگرام پر سب سے زیادہ فالو کیے جانے والے کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو کے تقریباً 80 لاکھ فالوورز کم ہوئے جس کے بعد ان کی تعداد 673 ملین سے کم ہو کر 666 ملین رہ گئی۔ ارجنٹائن کے اسٹار فٹ بالر لیونل میسی کے فالوورز میں تقریباً 50 لاکھ کی کمی ہوئی اور ان کے فالوورز 512 ملین سے کم ہو کر 507 ملین پر آگئے۔
دیگر سلیبریٹیز میں کائلی جینر اس مہم سے سب سے زیادہ متاثر ہوئیں جن کے ایک ہی رات میں ڈیڑھ کروڑ (15 ملین) فالوورز کم ہوئے۔ بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کے 20 لاکھ جبکہ جسٹن بیبر اور پوپ فرانسس کے فالوورز میں بھی نمایاں کمی دیکھی گئی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ میٹا نے یہ قدم پلیٹ فارم پر اصلیت اور شفافیت کو برقرار رکھنے کے لیے اٹھایا ہے۔ ہائی پروفائل اکاؤنٹس اکثر فرضی اکاؤنٹس اور بوٹس کو اپنی طرف راغب کرتے ہیں۔ ان اکاؤنٹس کی صفائی کے بعد اب سلیبریٹیز اور برانڈز کی پہنچ اور عوامی ردعمل زیادہ حقیقی ہوگا، جو کہ انسٹاگرام پارٹنرشپ اور اسپانسر شپ کے لیے انتہائی اہم ہے۔
انسٹاگرام کی جانب سے اس بڑے پیمانے کی صفائی پر ابھی تک کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا ہے، لیکن اس اقدام کو سوشل میڈیا مارکیٹ میں شفافیت کی جانب ایک بڑا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
مشہور سوشل میڈیا پلیٹ فارم نے ’’لاکھوں اکاؤنٹس‘‘ ڈیلیٹ کر دیے
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


