دبئی: پرتگال سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کو قومی ٹیم کے کیمپ سے ناراض ہوکر جانے پر پابندی کا سامنا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کوچ جارج جیسز کے ساتھ کھیلنے کے وقت پر اختلافات کے بعد رونالڈو نے ٹیم کا کیمپ چھوڑ دیا تھا جس پر پرتگالی فٹبال فیڈریشن کے ضوابط کے تحت ان کے خلاف کارروائی شروع کردی گئی۔
رپورٹس کے مطابق پابندی کی مدت ایک سے چھ ماہ تک ہوسکتی ہے جس کا حتمی فیصلہ ڈسپلنری کونسل کی جانب سے کیا جائے گا۔
اگر پابندی ایک ماہ سے زیادہ ہوئی تو رونالڈو اگلے ماہ ڈنمارک اور ویلز کے خلاف نیشنز لیگ کے میچز سے محروم ہوسکتے ہیں۔ تاہم ای ایس پی این کی رپورٹ کے مطابق مختصر پابندی لگائی جاسکتی ہے۔
فٹبالر نے اپنے بیان میں قومی ٹیم کے ساتھی کھلاڑیوں اور پرتگالی عوام سے معذرت کرتے ہوئے تسلیم کیا کہ کیمپ چھوڑنا ان کی غلطی تھی۔
انہوں نے کہا کہ کوچ کے وعدے سے انحراف نے انہیں مایوس کیا تاہم وہ مانتے ہیں کہ ان کے عمل کے نتائج سامنے آنے چاہییں اور قوانین سب کے لیے یکساں ہونے چاہییں۔
کوچ جارج جیسز نے کہا کہ انہوں نے رونالڈو کا بیان پڑھ لیا ہے اور اب ان کی توجہ ٹیم کے امور پر ہے۔
فٹ بال سے ریٹائرمنٹ کی خبریں: رونالڈو کا اہم بیان سامنے آگیا
رونالڈو پرتگال کی جانب سے اب تک 234 میچز کھیل کر ریکارڈ 146 گول کرچکے ہیں۔


