کراچی: پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے ٹی 20 میچ کے درمیان ایک خوبصورت اور یادگار لمحہ آیا جب ساؤنڈ سسٹم میں خرابی کی وجہ سے قومی ترانہ رک گیا جس کے بعد تماشائیوں نے ایک ساتھ پڑھ کر قومی ترانہ مکمل کیا۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ٹی 20 میچز کی سیریز جاری ہے۔ پہلے ٹی 20 میچ کے دوران ایک خوبصورت واقعہ پیش آیا جس نے ہر پاکستانی کا دل وطن کی محبت سے سرشار کردیا۔
میچ شروع ہونے سے قبل جب دونوں ممالک کا ترانہ بجایا جارہا تھا تب پاکستان کا قومی ترانہ ساؤنڈ سسٹم میں تکنیکی خرابی کی وجہ سے اچانک رک گیا۔
ایک لمحے کو اسٹیڈیم میں خاموشی چھا گئی لیکن اگلے ہی لمحے اسٹیڈیم میں موجود ہزاروں تماشائیوں نے ایک ساتھ قومی ترانہ پڑھ کر اسے مکمل کیا۔
اس دوران پاکستانی کرکٹرز بھی قومی ترانہ پڑھتے نظر آئے۔
ترانہ مکمل ہونے کے بعد تماشائیوں نے خوشی سے زوردار تالیاں بجائیں۔ اس موقع پر کرکٹرز نے بھی تالیاں بجا کر تماشائیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
یوں کراچی میں 9 سال بعد کرکٹ کی رنگینیاں بحال کرنے والا یہ میچ پورے پاکستان کے لیے یادگار بن گیا۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔