ریاض (22 فروری 2026): ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان آج مدینہ منورہ میں مسجد قبا گئے اور وہاں نماز ادا کی۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق محمد بن سلمان کے ہمراہ مدینہ منورہ کے گورنر سلمان بن سلطان بن عبدالعزیز، وزیرِ مملکت اور کابینہ کے رکن ترکی بن محمد بن فہد بن عبدالعزیز، ریاض ریجن کے نائب گورنر محمد بن عبدالرحمن بن عبدالعزیز، مدینہ ریجن کے نائب گورنر سعود بن نھار بن سعود بن عبدالعزیز اور متعدد دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ مملکتِ سعودی عرب آج 22 فروری کو 299 واں یومِ تاسیس منا رہی ہے، یہ دن امام محمد بن سعود کی جانب سے پہلی سعودی ریاست کے قیام کی یاد میں منایا جاتا ہے۔
ریاست کی بنیاد درعیہ میں 1139 ہجری کے وسط (22 فروری 1727) میں رکھی گئی تھی۔ یہ تاریخی واقعہ اتحاد، استحکام اور مؤثر حکمرانی کی بنیاد بنا۔ ایس پی اے کے مطابق یہ قومی موقع سعودی ریاست کی گہری تاریخی جڑوں اور تقریباً تین صدیوں سے اس کے مسلسل وجود کی عکاسی کرتا ہے۔
یہ دن قومی شناخت پر فخر اور قیادت کے ساتھ مضبوط تعلق کا اظہار بھی ہے، جس نے ریاست کی حفاظت کی، اس کے امن و استحکام کو مضبوط بنایا اور قیام سے لے کر جدید دور تک ترقی کی راہ دکھائی۔
آج یہ سفر خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، اور ولی عہد اور وزیرِاعظم محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی قیادت میں جاری ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں



