پیر, فروری 10, 2025
اشتہار

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے کامیاب دورۂ پاکستان کی تصویری جھلکیاں

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: سعودی ولی عہد اپنے وفد کے ہمراہ 2 روزہ پاکستان کا کامیاب دورہ مکمل کر کے اپنی اگلی منزل کی جانب روانہ ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق سعودی ولی عہد گزشتہ روز اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچے، محمد بن سلمان کا جہاز جیسے ہی پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوا تو پاک فضائیہ کے ایف 16 اور جے ایف تھنڈرز شیردل اسکواڈ نے اُسے اپنے حصار میں لے کر فضا میں سلامی پیش کی۔

ولی عہد کا طیارہ نور خان ائیربیس پر اترا، سرزمین پاکستان پر قدم رکھتے ہی انہیں 21 توپوں کی سلامی دی گئی جبکہ شاہی مہمان کا استقبال وزیراعظم پاکستان، وفاقی کابینہ کے اراکین اور آرمی چیف آف اسٹاف نے کیا۔

شاہی مہمان نورخان ائیربیس سے بذریعہ کار وزیراعظم ہاؤس کے لیے روانہ ہوئے، اس موقع پر اُن کی گاڑی عمران خان نے خود ڈرائیو کی جبکہ اس دوران دونوں ممالک کے سربراہان کے درمیان سیاحت کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال بھی ہوا۔

وزیراعظم ہاؤس کے راستے میں ثقافتی رقص سے محمد بن سلمان کا فنکاروں نے شاندار استقبال کیا جبکہ انہیں وزیراعظم ہاؤس میں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا، بعد ازاں دونوں ممالک کے لیڈران نے وفود کا تعارف کرایا۔

وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز یادداشتی معاہدوں پر دستخط کرنے کے بعد شاہی مہمان کے ہمراہ میڈیا سے مشترکہ گفتگو کی جس میں انہوں نے سعودی عرب میں موجود پاکستانی مزدوروں اور حجاج کے امیگریشن مسائل پر محمد بن سلمان کی توجہ دلائی۔

محمد بن سلمان نے وزیراعظم عمران خان کو یقین دہانی کرائی کہ ’مجھے سعودی عرب میں پاکستان کا سفیر سمجھا جائے‘ علاوہ ازیں انہوں نے حجاج کے امیگریشن مسائل حل کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔

محمد بن سلمان نے کامیاب دورۂ پاکستان کے دوران 20 ارب ڈالرز کے  مختلف معاہدوں پر دستخط کیے اور اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان عمران خان کی سربراہی میں ترقی کرے گا جبکہ انہوں نے وژن 2030 میں پاکستان کو اپنا ساتھی بھی قرار دیا۔

محمد بن سلمان کا حکومت پاکستان نے شاندار پرتپاک استقبال کیا جبکہ انہیں اعلیٰ صدارتی سول ایوارڈ ’نشانِ پاکستان‘ سے بھی نوازا گیا، شاہی مہمان کو واپسی کے لیے وزیراعظم ہاؤس سے نورخان ایئربیس تک بگھی میں لے جایا گیا جبکہ انہیں گھڑ سوار دستے نے اس سے قبل سلامی بھی پیش کی۔

وفاقی دارالحکومت کی تمام شاہراؤں پر استقبالیہ کلمات اور پاک سعودی پرچم لگائے گئے تھے جبکہ محمد بن سلمان کے پاکستان دورے کو سوشل میڈیا صارفین نے بھی خوب سراہا۔

 

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں