اسلام آباد : تیل کی پیداوار میں کمی کی اطلاعات کے بعد دنیا بھر میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا ہے، عالمی منڈی میں بریٹ کروڈ خام تیل کی قیمت 9 فیصد اضافے کے ساتھ 51.57 ڈالر فی بیرل ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق تیل پیدا کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک میں تیل کی پیداوار میں کمی کا سمجھوتہ طے پانے کی اطلاعات کے بعد دنیا بھر میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔
اوپیک کے صدر محمد بن صالح الصدا نے کہا ہے کہ تیل کی پیداوار میں جنوری سے 12 لاکھ بیرل کمی شروع ہو گی۔ تیل کی پیداوار میں کمی کے سمجھوتے کے ساتھ عالمی منڈی میں بریٹ کروڈ خام تیل کی قیمت 9 فیصد اضافے کے ساتھ 51.57 ڈالر فی بیرل ہو گئی۔
سمجھوتے کے تحت روس اپنی پیداوار میں 3 لاکھ بیرل یومیہ کمی کرے گا جبکہ اس وقت اس کی یومیہ پیداوار ایک کروڑ بیرل یومیہ ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق اگرچہ تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے تاہم تفصیلات کی کمی کی وجہ سے کچھ تاجر محتاط ہو گئے ہیں۔
دنیا کے سب سے بڑے تیل پیدا کرنے والے ملک سعودی عرب اور ایران کے درمیان اختلافات کی وجہ سے شکوک پیدا ہو گئے تھے کہ یہ معاہدہ ناکام ہو سکتا ہے۔
اجلاس میں سعودی عرب نے اپنی پیداوار میں یومیہ پانچ لاکھ بیرل کمی پر اتفاق کر لیا، جو تقریباً 4.5 فیصد بنتی ہے۔