ہفتہ, مارچ 7, 2026
اشتہار

کرپٹو ایکسچینج کی غلطی: صارفین کو اربوں ڈالر کے بٹ کوائن مل گئے

اشتہار

حیرت انگیز

سیول: کرپٹو ایکسچینج نے 40 ارب ڈالرز مالیت کے بٹ کوائن صارفین کو غلطی سے بھیج دیے، جس کے بعد 86 صارفین نے محض 35 منٹ میں تقریباً 1,788 بٹ کوائن فروخت کر دیے۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی کوریا کی دوسری بڑی کرپٹو کرنسی ایکسچینج بِتھمب (Bithumb) ایک پروموشنل غلطی کے بعد 40 ارب ڈالر سے زائد مالیت کے بٹ کوائن واپس لینے کی کوشش کر رہی ہے۔

یہ غلطی 6 فروری کو ایک ’رینڈم باکس‘ پروموشن کے دوران پیش آئی، جب انعامی رقم کو کوریائی وون کی بجائے بٹ کوائن میں درج کر دیا گیا۔

اصل منصوبے کے تحت 695 صارفین کو مجموعی طور پر 6 لاکھ 20 ہزار وون دینے تھے، تاہم سسٹم میں غلط اندراج کے باعث 6 لاکھ 20 ہزار بٹ کوائن جاری ہو گئے۔

اگرچہ صرف 249 صارفین نے اپنے باکس کھولے، مگر جاری شدہ بٹ کوائن کی مالیت ایکسچینج کے مجموعی ذخائر سے بھی زیادہ تھی۔

ایکسچینج نے فوری طور پر اندرونی اصلاحات کے ذریعے زیادہ تر رقوم واپس لے لیں، تاہم تقریباً 13 ارب وون (9 ملین ڈالر) تاحال بازیاب نہیں ہو سکے کیونکہ کچھ صارفین نے اکاؤنٹس منجمد ہونے سے پہلے رقوم فروخت یا منتقل کر دیں۔

حکام کے مطابق 86 صارفین نے محض 35 منٹ میں تقریباً 1,788 بٹ کوائن فروخت کر دیے۔

ریگولیٹری اداروں نے مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جبکہ قانون سازوں نے ہنگامی سماعت بھی طلب کر لی ہے۔ تاہم ایکسچینج نے تصدیق کی ہے کہ واقعہ ہیکنگ کا نتیجہ نہیں تھا بلکہ اندرونی غلطی تھی، اور مستقبل میں سخت کنٹرولز نافذ کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں