جمعہ, جولائی 10, 2026
اشتہار

کراچی میں کرپٹو ٹریڈر کو کیسے اغوا کرکے لاکھوں ڈالرز لوٹے گئے؟ ہوشربا انکشافات سامنے آگئے

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : گلستانِ جوہر میں کرپٹو ٹریڈر جان شیر خان عرف جے ایس راؤ کے مبینہ اغوا اور لوٹ مار کا مقدمہ درج کر لیا گیا، جس میں ہوشربا انکشافات سامنے آئے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر میں شارٹ ٹرم کڈنیپنگ کی واردات سامنے آئی ہے، جہاں مسلح ملزمان نے ایک نامور کرپٹو ٹریڈر اور فری لانسر کو اغوا کر کے ان کے آن لائن ڈیجیٹل والٹ سے لاکھوں ڈالرز کے اثاثے لوٹ لیے۔

پولیس نے متاثرہ شہری کی مدعیت میں گلستانِ جوہر تھانے میں اغوا اور لوٹ مار کا باقاعدہ مقدمہ درج کر لیا ہے۔

کرپٹو ٹریڈر کے ساتھ پیش آنے والے لرزہ خیز واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں ایک موٹرسائیکل اور کالے رنگ کی گاڑی کو جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، فوٹیج کے مطابق کالے رنگ کی گاڑی موٹرسائیکل کو روکتی ہے، جس کے بعد موٹرسائیکل سوار اتر کر بھاگنے کی کوشش کرتا ہے، جبکہ تین افراد اس کے پیچھے دوڑتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں اور چند سیکنڈ بعد یہی افراد جے ایس راؤ کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے واپس لاتے نظر آتے ہیں۔

ایف آئی آر میں متاثرہ شہری نے بیان دیا کہ وہ فری لانسنگ کا کام کرتے ہیں اور رواں ماہ 16 تاریخ کی رات اپنے دوست کنور حسین کی گاڑی میں سفر کر رہے تھے کہ منور چورنگی کے قریب دوست نے انہیں ان کی موٹرسائیکل کے پاس اتارا، جہاں سے وہ گھر روانہ ہوئے اور رات تقریباً ڈھائی بجے ایک کار نے انہیں ٹکر مار کر گرا دیا۔

متاثرہ شہری کا کہنا ہے کہ چار مسلح ملزمان انہیں زبردستی اپنی گاڑی میں بٹھا کر نامعلوم مقام پر لے گئے، جہاں تشدد کا نشانہ بنانے کے ساتھ ان کے تمام آن لائن اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کی گئی اور ڈیجیٹل والٹس سے لاکھوں ڈالر منتقل کر دیے گئے۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزمان نے ان کے دوستوں سے بھی ان کے نام پر ڈالر طلب کیے اور ان کا آئی فون 16 بھی ساتھ لے گئے۔

بعد ازاں صبح صادق کے وقت انہیں دوبارہ گاڑی میں گھمایا گیا اور ایک نامعلوم مقام پر آنکھوں پر پٹی باندھ کر چھوڑ دیا گیا، پٹی ہٹانے کے بعد معلوم ہوا کہ وہ بن قاسم کے علاقے میں موجود ہیں، جہاں سے وہ بائیکیا کے ذریعے اپنے گھر پہنچے۔

پولیس حکام کے مطابق مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ واردات کے مقام اور اطراف کی مزید سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کی جا رہی ہیں تاکہ ملزمان کو جلد گرفتار کیا جا سکے۔

اہم ترین

افضل خان
افضل خان
افضل خان اے آر وائی نیوز سے وابستہ کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں