کراچی: سی ٹی ڈی نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم القاعدہ برصغیر کے امیر اور لشکر جھنگوی کے 9 کارندوں کو گرفتار کرکے تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی انچارج راجہ عمر خطاب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’’محرم الحرام میں دہشت گردی کی بڑی کارروائی کا منصوبہ بنانے والے افراد کے حوالے سے خفیہ اطلاعات موصول ہوئیں جس پر انسداد دہشت گردی ڈپارٹمنٹ نے مخصوص ٹھکانوں پر چھاپہ مارتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا، جن کے قبضے سے خودکش جیکٹ جیکٹس، ہینڈ گرینیڈ، 9 ایم ایم اور متعدد پستول سمیت دیگر اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔
راجہ عمر خطاب نے کہا کہ گرفتار ملزمان کی شناخت امیر القاعدہ برصغیر کراچی فیض الرحمان عرف عبداللہ عرف دانیال ، نائب امیر القاعدہ برصغیر کراچی مصطفیٰ عرف شہزاد، ٹارگٹ کلر القاعدہ برصغیر محمد عرف لمب جبکہ رکن ابراہیم عرب ساجد کے علاوہ کالعدم لشکر جھنگوی اورنگی ٹاؤن کے امیر محمد سعید عرف کالو عرف عباس ببلا عرف فرخ عباس، لشکر جھنگوی کے کارکنان احمد، صادق، فرقان شامل ہیں۔ سی ٹی حکام نے کہا کہ کارروائی کے دوران سپاہ صحابہ کے کارکنان زین العابدین عرف زین اور عبدالباری عثمان بھی شامل ہیں۔
پڑھیں: رینجرز کی کارروائیاں، کالعدم تنظیم کے کارندوں سمیت 17 ملزمان گرفتار
انہوں نے کہا کہ پولیس نے خفیہ اطلاع پر نارتھ کراچی کے سیکٹر 5 بی میں کارروائی کی، دورانِ کارروائی کالعدم تنظیموں کا اجلاس جاری تھا، پولیس کی موجودگی کا علم ہونے پر دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کی اور دہشت گرد اطراف کے گھروں میں گھس گئے، جس پر پولیس نے علاقے کا محاصرہ کر کے گھر گھر تلاشی کے دوران تمام ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
راجہ عمر خطاب نے کہا کہ ملزم نے تفتیش کے دوران متعدد قتل کا اعتراف کیا ہے جن میں سنی تحریک کا کارکن شمشاد، ندیم قادری، کامران قادری، چاند ملک، ایم کیو ایم کے کالا فاروق، رکن اسمبلی منظر امام، شکیل، نوشاد، کلیم، شکیل، سہیل کیبل والا اور محمد علی شامل ہیں۔
مزید پڑھیں: سیکورٹی فورسزپرحملوں میں ملوث دہشتگردگرفتار