لاہور: کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے پنجاب کے مختلف اضلاع میں کارروائیاں کرتے ہوئے 7 مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا، گرفتار مبینہ دہشت گردوں کاتعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان سی ٹی ڈی کی جانب سے پنجاب کے مختلف اضلاع میں خفیہ اطلاع پر 71آپریشن کیے گئے، آپریشنزمیں 73 مشتبہ افرادکوتفتیش کے لئے حراست میں لیا گیا۔
سی ٹی ڈی نے کہا کہ تفتیش کے بعد7 مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا ، دہشت گردوں کے قبضے سے نفرت انگیزمواد، ممنوعہ سامان برآمد کرلیا ، گرفتار مبینہ دہشت گردوں کاتعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔
یاد رہے کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ ( سی ٹی ڈی) نے پنجاب کے مختلف اضلاع میں انٹیلی جنس بیسڈ 39 کارروائیاں کیں اور کارروائیوں کے دوران 8 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا تھا۔
سی ٹی ڈی ترجمان نے بتایا تھا کہ لاہور سے کالعدم تنظیم کے4دہشت گرد وں کوگرفتارکیاگیا، جن میں مشتاق، سمیع اللہ، عادل جمال اور اسامہ شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق حافظ آباد سے کالعدم تنظیم کےلیےچندہ اکٹھاکرنے والے مشالی خان کو گرفتار کرکے رسیدیں ، کاربن پیپر اور9250 روپے برآمد کرلئے گئے۔