پشاور: محکمہ انسداد دہشتگرد نے کالعدم تنظیم کی مالی معاونت کرنے والا ملزم اور اس کے 3 سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار مرکزی دہشتگرد سلطان کا تعلق افغانستان سے ہے، ملزمان سے 1 لاکھ 75 ہزار یورو، 15 ہزار امریکی ڈالر اور 44 ہزار سعودی رالو برآمد کیے گئے۔
سی ٹی ڈی نے بتایا کہ ملزمان منی لانڈرنگ کے ذریعے جمع رقم تخریب کاری میں استعمال کرتے تھے، دہشتگرد سمیت سہولت کاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
قبل ازیں، 28 اکتوبر کو سی ٹی ڈی نے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران کالعدم ٹی ٹی پی کمانڈر سمیت 10 دہشتگرد کو گرفتار کیا تھا۔ لاہور سے کالعدم ٹی ٹی پی کے کمانڈر قاسم افغانی سمیت 5 دہشتگرد کو گرفتار کیا گیا۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق بارودی مواد، آئی ای ڈی بم، 3 ڈیٹونیٹر، دستی بم، موبائل فون، اسلحہ اور نقدی برآمد ہوئی جبکہ دہشتگردوں کی شناخت آغا، نعمان، عطاالرحمان اور اسامہ کے ناموں سے ہوئی، دہشتگرد اہم تنصیبات پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔