کراچی : سی ٹی ڈی اور حساس اداروں نے کراچی سے کالعدم بی ایل اے اور ایف اے کے 5 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور حساس اداروں نے مشترکہ کارروائیوں کے دوران کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 5 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔
سی ٹی ڈی نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کا تعلق کالعدم بی ایل اے اور ایف اے سے ہے، ملزمان نے دہشت گرد کمانڈر عبدالرحمان کی ہدایت پر کراچی کے حساس مقامات کی ریکی کی تھی تاکہ دہشت گرد کارروائیوں کی منصوبہ بندی کی جا سکے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزم ظہیر نے 2024 میں بلوچستان کے علاقے کشکور کے ساجدی بازار میں آئی ای ڈی دھماکا کیا تھا، جبکہ اس نے اسی سال کالعدم بی ایل اے کے تربیتی کیمپ سے دہشت گردی کی تربیت بھی حاصل کی تھی۔
حکام نے کہا کہ ملزم کراچی میں اپنے ساتھیوں کی آمد کا انتظار کر رہا تھا تاکہ حساس مقامات کو نشانہ بنایا جا سکے، گرفتار ملزمان حجت اللہ اور حبیب اللہ نے 2024 میں افغانستان میں تربیت حاصل کی تھی اور وہ کمانڈر ہدایت اللہ کی ہدایت پر حال ہی میں کراچی پہنچے تھے۔
سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ملزمان نے ایک ادارے کے دفاتر کی ریکی مکمل کرکے اس کی تفصیلات اپنے کمانڈر ہدایت اللہ کو فراہم کر دی تھیں، جبکہ وہ افغانستان سے آنے والی ایک تشکیل کے منتظر تھے۔
حکام کے مطابق کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور موبائل فونز بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ سی ٹی ڈی نے گرفتار افراد کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔


