لاہور: سی ٹی ڈی نے کمانڈ اینڈ کنٹرول موبائل یونٹ متعارف کروا دیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ کمانڈ اینڈ کنٹرول موبائل یونٹ چلتا پھرتا ہیڈ کوارٹر ہوگا، کمانڈ اینڈ کنٹرول موبائل یونٹ گاڑی میں نصب ہوگا، حساس پروگرامز پر لگایا جائے گا۔
سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ خصوصی گاڑی رائیونڈ اجتماع، داتا دربار، کرکٹ میچز پر لگائی جائے گی، یوم عاشور، بڑے سیاسی اجتماعات میں بطور ’موبائل آپریشنز ہیڈ کوارٹر‘ استعمال ہوگی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ حساس پروگرامز کی مانیٹرنگ، کمانڈ اینڈ کوآرڈی نیشن ایک ہی موبائل وین سے ہوگی، لائیو آپریشنز کے دوران فورس کو ڈیٹا، ویڈیو فیڈ اور تجزیاتی معاونت فراہم کی جائے گی۔
سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ جلسے جلوس اور اجتماعات میں چہروں کی فوری نشاندہی کی جاسکے گی، تھرمل امیجنگ، لائیو ڈرونز اور جی آئی ایس میپنگ سے حساس روٹس، رہائشگاہوں کی ٹریکنگ ممکن ہوگی۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گاڑی میں ملٹی پاور ورک اسٹیشنز کارنر، پریزنٹیشن موڈ کی سہولتیں موجود ہوں گی، موبائل یونٹ لاہور سے کراچی، کوئٹہ، پشاور اور سرحدی علاقوں میں بیک آپ کمانڈ سینٹر کا کام کرے گا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ اسپیشل آپریشنز ٹیموں کو ڈیٹا بیس، پولیس اور ٹیلی کام نیٹ ورکس کی سہولت بھی ملے گی، موبائل یونٹ 360 ڈگری پی ٹی زیڈ، پن ہول اور ڈرون کیمروں کے ساتھ کام کرے گا۔


