کوئٹہ : سی ٹی ڈی نے پشین میں کارروائی کے دوران دس دہشت گردوں کوجہنم واصل کردیا جبکہ دس جوان زخمی ہوئے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاونِ خصوصی شاہدرند اور ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اعتزاز احمد گورایہ نے مشترکہ نیوز کانفرنس میں بتایا ہے کہ سی ٹی ڈی کی کارروائی کے دوران 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اعتزاز احمد گورایہ نے بتایا کہ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد ہوا ہے، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں سی ٹی ڈی کے 10 جوان زخمی بھی ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں دہشت گردی پھیلانے والوں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔
اعتزاز احمد گورایہ نے کہا کہ دہشت گردوں کے پاس جدید اسلحہ ہونا ایک سوالیہ نشان ہے، جس کی فرانزک جانچ کرائی جائے گی، دہشت گرد مائننگ میں استعمال ہونے والا بارود دہشت گردی کے لیے استعمال کر رہے تھے۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ کہ پشین میں جہاں کارروائی کی گئی وہاں فتنہ الخوارج کے عناصر کی آمد و رفت تھی، کارروائی سے قبل دہشت گردوں کو ہتھیار ڈالنے کی مہلت دی گئی اور ثالثین بھی بھیجے گئے، تاہم دہشت گردوں نے ہتھیار ڈالنے سے انکار کیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ ہمیں لوگوں کو مارنے کا کوئی شوق نہیں، لیکن جب دہشت گردوں نے ہتھیار نہ ڈالے تو قانون کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے انہیں ہلاک کیا گیا۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے دہشت گردوں کو پیغام دیا کہ وہ ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہوں۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاونِ خصوصی شاہدرند نے کہا کہ ریاست کے سامنے جو بھی کھڑا ہوگا، اس سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردوں کے سہولت کاروں کو بھی نہیں چھوڑا جائے گا اور کسی قسم کے سیاسی دباؤ کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


