لاہور : پنجاب میں سی ٹی ڈی انٹیلی جنس آپریشنز کے دوران ‘فتنہ الخوارج’ کے خطرناک کمانڈر سمیت 13 دہشت گرد گرفتار کرکے بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد برآمد کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پنجاب نے صوبے کے مختلف اضلاع میں 58 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کرتے ہوئے دہشت گردی کا بڑا نیٹ ورک تباہ کر دیا ہے۔ ان کارروائیوں کے دوران فتنہ الخوارج کے ایک انتہائی خطرناک دہشت گرد سمیت 13 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ بڑی کارروائیاں لاہور، ساہیوال، ملتان، جہلم، منڈی بہاؤالدین، جھنگ، چنیوٹ اور میانوالی میں کی گئیں، ان آپریشنز کے دوران صوبائی دارالحکومت لاہور سے ‘فتنہ الخوارج’ کا ایک خطرناک دہشت گرد مختار گرفتار کیا گیا ہے، جس کا تعلق علاقہ غیر سے بتایا جاتا ہے۔
حکام نے انکشاف کیا ہے کہ گرفتار دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دفاتر کو ٹارگٹ کرنا چاہتے تھے، دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد، 4 آئی ای ڈی ، 8 ڈیٹونیٹرز، حفاظتی فیوز وائر اور ممنوعہ لٹریچر و اسٹیکرز برآمد کیے گئے ہیں۔
گرفتار دہشت گردوں کی شناخت مختار احمد، یونس، فیروز خان، ولی، اویس، فرمان، مومن، عدنان، راجہ فیصل، رضا خان، غلام شبیر، راؤ ساجد اور مختار شاہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی نے مزید بتایا کہ نیٹ ورک کے خاتمے کے لیے رواں ہفتے 1 ہزار 487 کومبنگ آپریشنز بھی کیے گئے، جن کے دوران 53 ہزار 335 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی اور 168 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔


