اسلام آباد : یونائیٹڈ بزنس گروپ کے رہنما اورایف پی سی سی آئی کے صدراتی امیدوار انجینئر دارو خان اچکزئی نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے سیلز ٹیکس میں کمی لائے۔
یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی، انجینئر دارو خان اچکزئی کا کہنا ہے کہ روپے کی قدر میں کمی اور شرح سود میں اضافہ سے عوام اور کاروباری برادری کے مسائل میں اضافہ ہوا ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سیلز ٹیکس کے موجودہ نظام میں خامیاں ہیں جن میں اصلاحات سے کاروباری صورتحال پر خوش گوار اثرات مرتب ہوں گے، لہٰذا حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے سیلز ٹیکس میں کمی لائے۔
انجینئر دارو خان اچکزئی نے مزید کہا کہ سیلز ٹیکس اصلاحات سے حکومت کو اربوں روپے کی بچت ہو گی جبکہ نجی شعبہ کیلئے کاروباری لاگت کم ہونے سے سرمایہ کاری کا ماحول سازگارہو جائے گا ۔
اگر سیلز ٹیکس میں خاطر خواہ کمی کر کے اسے ناقابل واپسی قرار دیا جائے تو ری فنڈ کلیم اور انپٹ ٹیکس کے متعلق شکایات ختم ہو جائیں گی جس سے بزنس کمیونٹی کا وقت اور سرمایہ جبکہ ایف بی آر کی انتظامی اخراجات کم ہو جائیں گے۔