(12 مارچ 2025): کرنسی نوٹوں پر اہم شخصیات کی تصاویر ہوتی ہیں مگر اب ایک بڑے ملک نے نوٹوں پر جانوروں کی تصویریں شائع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دنیا کے کسی بھی ملک کے کرنسی نوٹ دیکھیں تو ان پر وہاں کی اہم شخصیات یا پھر اہم اور تاریخی مقامات کی تصاویر ہوتی ہیں۔ مگر ایک ترقی یافتہ ملک نے اپنے کرنسی نوٹوں پر جانوروں کی تصاویر شائع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق بینک آف انگلینڈ اب کرنسی نوٹوں کی جو اگلی سیریز جاری کرے گا۔ اس میں شہری اب اہم شخصیات کے بجائے جانوروں کی تصاویر دیکھیں گے۔
رپورٹ کے مطابق آنے والے برسوں میں برطانیہ کے کرنسی نوٹوں سے ولیم شیکسپیئر، ونسٹن چرچل اور جین آسٹن جیسی تاریخی شخصیات کی تصاویر ہٹا دی جائیں گی۔
بینک آف انگلینڈ کے چیف کیشیئر وکٹوریہ کلیلینڈ نے بتایا کہ گزشتہ سال جولائی میں اس حوالے سے عوام سے آرا طلب کی گئی تھی۔
60 فیصد رائے دہندگان نے کرنسی نوٹوں پر فطرت کے تھیم کی حمایت کی۔ 56 فیصد نے فن تعمیر اور تاریخی نشانیوں کے بارے میں رائے دی جب کہ 38 فیصد تاریخی شخصیات کی تصاویر نوٹوں پر دیکھنے کے حامی تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ نوٹوں پر فطرت ایک بہترین انتخاب ہے اور ہم نوٹوں کی اگلی سیریز میں برطانیہ کی بھرپور اور متنوع جنگلی حیات کی نمائش کریں گے، تاہم ان میں گھریلو پالتو جانور شامل نہیں ہوں گے۔
بی او ای کیشیئر نے بتایا کہ ماہرین کی جانب سے دی گئی جنگلی حیات کی تصاویر کی فہرست میں کن کی تصاویر شائع کی جائیں، اس بارے میں بھی عوام کی رائے جانی جائے گی۔
وکٹوریہ کلیلینڈ نے یہ بھی وضاحت کی کہ برطانیہ کے بادشاہ چارلس کا پورٹریٹ کرنسی نوٹوں کی اگلی سیریز میں بھی چھاپہ جاتا رہے گا۔
واضح رہے کہ برطانیہ کے کرنسی نوٹوں میں 1960 میں ملکہ الزبتھ دوم کی تصاویر پہلی بار شائع ہونے کے بعد بینک آف انگلینڈ نے کرنسی نوٹوں پر بادشاہوں کی تصاویر کو شائع کیا جب کہ ولیم شیکسپیئر جیسی تاریخی شخصیت کی پہلی بار نوٹ پر تصویر 1970 میں چھاپی گئی تھی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


