چکوال : چچا زاد نے تعلیم ادھوری نہ چھوڑنے پر غصہ میں آکر اپنی کزن کو فائرنگ کر کے قتل کردیا اور خود گھر چھوڑ کر فرار ہو گیا ہے.
تفصیلات کے مطابق دور جاہلیت سے ملتے جلتے واقعے کی یاد چکوال کے رہائشی نے اُس وقت تازہ کردی جب اپنی کزن ملائیکہ کو تعلیم حاصل کرنے کے لیے کالج جانے سے منع کیا اور ملائیکہ کے انکار پر طیش میں آکر اسے گولیوں سے بھون ڈالا.
ذرائع کے مطابق چکوال کے علاقے مکھیال کی فرسٹ ایئر کی طالبہ کو اس کے کزن نے کالج جانے سے روکا تھا جس پر ملائیکہ صاف انکار کرتے ہوئے تعلیم جاری رکھنے کا فیصلہ کیا اور باقاعدگی سے کالج جاتی رہی.
چچا زاد بھائی کو ملائیکہ کی یہ بات پسند نہیں آئی اور جب ملائیکہ کالج سے واپس لوٹی تو اس نے ایک بار پھر شور شرابہ شروع کردیا اور طیش میں آکر اپنی کزن پر فائرنگ کر کے اسے ہلاک کردیا اور خود فرار ہوگیا.
پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر گولیوں کے خالی خول اپنی تحویل میں لے لیے اور مقتولہ کے والدین کا بیان قلم بند کرلیا ہے جب کہ مفرور ملزم کی تلاش میں قریبی گاؤں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں.