لاہور : علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر کسٹم حکام نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کے موبائل فون برآمد کرلئے ، ڈی سی کسٹم نے کہا مسافر نے جسم کے ساتھ آئی فون لگا رکھے تھے۔
تفصیلات کے مطابق کسٹم حکام نے لاہور ایئر پورٹ پر بڑی کاروائی کرتے ہوئے مسافر سے لاکھوں روپے مالیت کے موبائل فون برآمد کرلئے ، ڈی سی کسٹم ثاقب وڑائچ نے بتایا کہ مسافر برطانیہ سے قطر سے وایا لاہور پرواز 620سے لاہور پہنچا ، کسٹم کے سپاہی وحید نے شک پڑنے مسافر کو روکا تو مسافر نے جسم کے ساتھ آئی فون لگا رکھے تھے۔
ثاقب وڑائچ کا کہنا تھا کہ جہلم کے رہائشی مرزا عرفان بیگ کے پاس برطانیہ اور پاکستان کا پاسپورٹ تھا ، جو وہ اسمگلنگ میں استعمال کررہا تھا، مسافر نے بڑی چالاکی سے اپنی پنٹ اور کوٹ کے نیچے موبائل فون جسم کے ساتھ ٹیپ کے ساتھ لگا رکھے تھے ۔
ڈی سی کسٹم کے مطابق 39 قیمتی آئی فون جن کی لاگت 70 لاکھ سے زائد بتائی جارہی ہے جبکہ برآمد ہونے والے موبائل فونز میں 20 قیمتی جدید آئی فون 18 سام۔ سنگ گلیکسی نوٹ 10/11 شامل ہیں۔
ثاقب وڑائچ نے بتایا کہ ایک قیمتی موٹو رولا فون بیس ہینڈ فری پلس چارجر ، بیس خالی بوکس موبائل فون بھی برآمد ہوئے ، مسافر کے خلاف سمگلنگ ایکٹ کے تحت مقدمہ بھی درج کیا جائے گا۔