کراچی: کراچی ایئرپورٹ پر دبئی جانے والے مسافر سے 2کروڑ 50 لاکھ روپے مالیت کے سونے کی اینٹں اور سکے برآمد کرلیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کسٹمز نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سونے کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔
کسٹمز حکام نے بتایا کہ دبئی جانے والے ایک مسافر کے مشکوک سامان کی تلاشی کے دوران 50 تولہ سونا برآمد کیا گیا جس کی مالیت تقریباً 2 کروڑ 50 لاکھ روپے ہے۔
حکام کا کہنا تھا کہ مسافر سونا اینٹوں اور سکوں کی شکل میں اسمگل کرنے کی کوشش کر رہا تھا تاہم تلاشی کے دوران 8 سونے کی اینٹیں اور 8 سونے کے سکے برآمد ہوئے۔
برآمد ہونے والا سونا کسٹمز ایکٹ کے تحت ضبط کر لیا گیا ہے جبکہ مسافر کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں


