فیصل آباد: سائبر کرائم سرکل نے بینک اکاؤنٹ ہیکرز گینگ کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا، کرائم سرکل نے پینسرہ سے 7 ملزمان گرفتار کر لیے۔
تفصیلات کے مطابق سائبر کرائم سرکل نے متحرک ہو کر فیصل آباد کے علاقے پینسرہ میں کارروائی کرتے ہوئے بینک اکاؤنٹ ہیک کرنے والے گینگ کو گرفتار کر لیا۔
[bs-quote quote=”ملزمان سافٹ ویئر سے کالر آئی ڈی بدل کر بینکوں کے ہیلپ لائن نمبرز سے کال کرتے تھے” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]
ذرائع کے مطابق ملزمان میں غفور، نذیر، بلال، شکور، جمعہ، آصف اور یونس شامل ہیں۔
سائبر کرائم سرکل نے گرفتار ملزمان سے موبائل فونز اور لیپ ٹاپ بھی بر آمد کر لیا۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔
ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان بینک افسر بن کر شہریوں سے اکاؤنٹ کی تفصیل لیتے تھے، ملزمان انٹرنیٹ بینکنگ کے ذریعے بھاری رقوم اپنے اکاؤنٹس میں ٹرانسفر کرتے تھے۔
ملزمان کی طرف سے سافٹ ویئر سے کالر آئی ڈی بدل کر بینکوں کے ہیلپ لائن نمبرز سے کال کی جاتی تھی۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر سائبر کرائم سرکل کا کہنا ہے کہ ملزمان سے تفتیش جاری ہے، گینگ کے مزید ارکان کی گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایک اور بینک اکاؤنٹ ہیک، کالا باغ میں ریٹائرڈ اہل کار نشانہ
خیال رہے کہ ایف آئی اے کی جانب سے انیس ہزار سے زائد پاکستانیوں کا بینک ڈیٹا چوری ہونے کا انکشاف ہوا ہے، ہیک شدہ کارڈز ڈارک ویب پر فروخت کیے جارہے ہیں۔
تاہم اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بینکوں کے ڈیٹا کی چوری سے متعلق ایف آئی اے رپورٹس کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب تک ڈیٹا چوری کے کوئی شواہد نہیں ملے۔