ایف آئی اے حکام نے کہا ہے کہ پنجاب سے سائبر کرائم ونگ نے جھوٹا پروپیگنڈا کرنے والے 26 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جھوٹا پروپیگنڈا کرنے والوں کےخلاف ٹاسک فورس نے گرینڈ آپریشن کیا، ایف آئی اے نے بتایا کہ صوبہ پنجاب سے سائبر کرائم نے 26 ملزمان کو پکڑا ہے، لاہور سمیت پنجاب کے دیگر اضلاع میں 66 ایف آئی آرز کا اندراج کرلیا گیا ہے۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا تھا کہ سائبر کرائم ونگ اسلام آباد نے 51 ایف آئی آرز کا اندراج کیا، ملتان میں ایف آئی اے کی کارروائی میں 14 افراد کو گرفتار کیا گیا، 30 سے زائد مقدمات درج کیے گئے۔
کراچی میں 16، سکھر میں 4 اور حیدرآباد میں 5 ایف آئی آرز کا اندراج کیا گیا، ایف آئی اے کوئٹہ کی جانب سے بھی 3 مقدمات کا اندراج کیا گیا۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے کے حکام مزید کہا کہ ایف آئی اے نے ملک بھر میں 30 سوشل میڈیا ایکٹویسٹ کو بھی گرفتارکرلیا ہے۔
دریں اثنا پشاور میں کارروائی کرتے ہوئے ایف آئی اے سائبرکرائم نے خاتون کو بلیک میل کرنے والے 4 ملزمان کو گرفتار کیا، ایف آئی نے بتایا کہ ملزمان نے خاتون کی قابل اعتراض ویڈیوز شیئرکیں، ہراساں کیا۔