کراچی: سمندری طوفان ”شَکتی“ کا دباؤ مزید کم ہوگیا، طوفان شمال مغربی بحیرہ عرب میں موجود ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان ”شَکتی“ اس وقت کراچی سے تقریباً 960 کلومیٹر جنوب مغرب میں ہے، طوفان آئندہ 6 گھنٹوں میں مزید کمزور ہونے کا امکان ہے۔
اگلے 12 گھنٹوں میں ہوا کا کم دباؤ بننے کا امکان موجود ہے جبکہ ماہی گیروں کو اگلے 12 گھنٹوں تک گہرے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ہوا کی رفتار 70 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ریکارڈکی گئی، آئندہ 6 گھنٹوں میں ہوائیں 45 سے 65 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کم ہوسکتی ہیں۔
سمندری طوفان شکتی کے باعث کوئٹہ مٹی کے طوفان کی لپیٹ میں آگئے، جس کے باعث حد نگاہ بھی کم ہو گئی ہے۔
سمندری طوفان شکتی کے اثرات بلوچستان تک پہنچ گئے، وسطی اور شمالی بلوچستان کے کئی علاقے شدید گرد و غبار اور مٹی کے طوفان کی لپیٹ میں آگئے۔
جس کے باعث صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں فضا گرد آلود ہونے سے حدِ نگاہ انتہائی کم ہوگئی، شدید گرد آلود موسم کے باعث شہریوں، خصوصاً دمہ اور سانس کے مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
پنجاب حکومت اسموگ سے کیسے نمٹے گی؟ اہم خبر
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ مکران کی ساحلی پٹی کے قریب سے گزرنے والے سمندری طوفان شکتی کے نتیجے میں ہواؤں کا رخ سمندر کی جانب ہو گیا ہے، جس کے باعث قندھار سے اٹھنے والا گردوغبار وسطی بلوچستان تک پھیل گیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 سے 36 گھنٹوں کے دوران موسم بتدریج صاف ہونا شروع ہو جائے گا تاہم کوئٹہ اور چمن میں خشک اور ٹھنڈی ہواؤں نے موسم کو مزید سرد کر دیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


