تازہ ترین

بحیرہ عرب میں سمندری طوفان: کراچی، ٹھٹھہ اور بدین میں تیز بارشوں کا امکان

کراچی: بحیرہ عرب میں سمندری طوفان کی وجہ سے 17 سے 20 مئی کے دوران کراچی میں تیز بارش متوقع ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد کا کہنا ہے کہ تیز ہواؤں سے چھتیں اڑنے، سائن بورڈ گرنے اور کچی تعمیرات کے منہدم ہونے کے بھی امکانات ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جنوب مشرقی بحیرہ عرب میں ٹروپیکل سائیکل توکتے بن چکا ہے، طوفان کراچی کے جنوب مشرق سے 1460 کلومیٹر دور ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 12 سے 18 گھنٹے میں طوفان کارخ شمال مغرب میں بھارتی گجرات کی جانب ہوگا۔ بحیرہ عرب میں نظام کے زیر اثر سندھ کے شہر ٹھٹھہ اور بدین میں گرد آلود ہوا اور تیز بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 17 سے 20 مئی کے دوران کراچی میں بھی تیز بارش متوقع ہے جبکہ تھر پارکر، میر پور خاص، عمر کوٹ اور سانگھڑ کے اضلاع میں تیز بارش کا امکان ہے۔

اس حوالے سے ماہی گیروں کو گہرے سمندر میں جانے سے گریز کی ہدایت کردی گئی ہے، محکمہ موسمیات بحیرہ عرب میں سرگرمی کی مسلسل مانیٹرنگ بھی کر رہا ہے۔

دوسری جانب بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مختلف محکموں میں متوقع ہیٹ ویو اور سمندری طوفان کے پیش نظر ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد کا کہنا ہے کہ تمام اسپتالوں میں ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے، فائر بریگیڈ، ریسکیو یونٹ، سٹی وارڈنز، محکمہ باغات، اور میونسپل سروس میں بھی 20 مئی تک ایمرجنسی نافذ رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ شہری ہیٹ ویو اور متوقع سمندری طوفان کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، اگلے 3 دنوں میں کراچی کا درجہ حرارت بڑھنے کا امکان ہے، شہری ان دنوں میں گھروں میں رہنے کو ترجیح دیں۔

لئیق احمد کے مطابق متوقع سمندری طوفان کے باعث تیز ہوائیں چلنے اور بارش کا امکان ہے، تیز ہواؤں سے چھتیں اڑنے، سائن بورڈ گرنے اور کچی تعمیرات کے منہدم ہونے کے بھی امکانات ہیں۔

Comments

- Advertisement -