کراچی : کورنگی نمبر ساڑھے تین میں سیلنڈر دھماکے کے نتیجے میں تین دکانیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔
تفصیلات کے مطابق کورنگی نمبر ساڑھے تین میں رات گئے دکان میں رکھے ہوئے سیلنڈر میں اچانک دھماکہ ہوگیا۔ دھماکے کے نتیجے میں جامع مسجد مدینہ کے ساتھ واقع تین دکانیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔
واقعے میں قریب کھڑی دو گاڑیوں سمیت مسجد کی دکان کو بھی نقصان پہنچا۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
دھماکہ غبارے پھلانے والے سیلنڈر میں ہوا۔ دھماکے کی آواز سے علاقہ گونج اٹھا جس سے علاقہ مکینوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
سیلنڈر پھٹنے سے دکانوں کے شٹر بھی دور جاگرے۔ واقعے کے بعد پولیس کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ پولیس واقعے کی تحقیقات کررہی ہے۔