کراچی : گلشن اقبال میں نوجوان گھر کے دروازے پر لٹ گیا، مسلح ملزمان گلی میں آمدروفت کی پرواہ کیے بغیر کیش اور موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ اورپولیس کے دعوے بیانات دھرے کےدھرے رہ گئے ، کراچی کے علاقے گلشن اقبال بلاک 13 ڈی ٹو میں نوجوان گھر کے دروازے سے 3 قدم پہلے لٹ گیا۔
مسلح ملزمان گلی میں آمدروفت کی پرواہ کیے بغیر نوجوان کو مکمل جامع تلاشی کے بعد لوٹ کرفرار ہوگئے۔
واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائے نیوز کو موصول ہوگئی ، جس میں موٹرسائیکل سوار نوجوان کو گھر کے باہر رکتے دیکھا جاسکتا ہے۔
فوٹیج میں پیچھے سے 2 موٹرسائیکلوں پر 3 ملزمان قریب سے گذر گئے اور آگے جاکر دونوں موٹرسائیکلوں کو گلی کے بیچ روکا ، ایک ملزم نے پستول نکالی اور دونوں مل کر نوجوان کی تلاشی لینے لگے۔
مسلح ملزمان نے شہری کا قیمتی سامان، کیش اور موبائل فون چھینا جبکہ واردات کے دوران ملزمان کے بیچ سے بچے اور ایک شہری بھی گذرا۔
فوٹیج کے مطابق ایک ملزم موٹرسائیکل پر کھڑا ہوکر گلی کا جائزہ لیتا رہا اور لوٹ مار کے بعد تینوں ملزمان باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔