لاہور (19 ستمبر 2025): پولیس وردی میں ملبوس چار ملزمان نے شہری کو مختصر مدت کے لیے اغوا کیا اور اس سے 40 لاکھ روپے لوٹ لیے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق شہری کی شارٹ ٹرم کڈنیپنگ کی واردات لاہور کے علاقے ہربنس پورہ میں پیش آئی، جہاں پولیس کی وردی پہنے چار ملزمان نے چیکنگ کے بہانے پہلے ندیم نامی شہری کی گاڑی میں بیٹھے اور پھر اس کو نامعلوم مقام پر لے گئے۔
پولیس کے روپ میں ڈاکو ندیم کو اغوا کرنے کے بعد اس سے 10 کروڑ روپے تاوان دینے کا مطالبہ کرتے رہے۔ شہری نے جب اتنی رقم نہ ہونے کا کہا تو ڈاکوؤں نے گن پوائنٹ پر اس کےدوست کو کال کروا کر 25 لاکھ روپے منگوائے۔
ہربنس پور پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے ندیم کے دوست سے اورنج ٹرین اسٹیشن کے قریب 25 لاکھ روپے منگوائے اور اس کے ساتھ گاڑی میں موجود 15 لاکھ روپے بھی چھین لیے۔۔
مغوی کے دوست کی جانب سے تاوان کی رقم پُل سے نیچے پھینکنے کی ویڈیو بھی سامنے آ گئی ہے۔ ملزمان مجموعی طور پر 40 لاکھ روپے لوٹنے کے بعد وہاں سے فرار ہو گئے۔
پولیس نے واردات کا مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے اور کہا ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔


