لاہور: عدالت نے حکومت کو ڈڈوچہ ڈیم کی تعمیر جاری رکھنے کی اجازت دے دی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں آج منگل کو ڈڈوچہ ڈیم کی تعمیر کے خلاف درخواستوں کی سماعت ہوئی، عدالت نے ڈیم پر جاری حکم امتناع واپس لے لیا اور حکومت کو ڈیم کی تعمیر جاری رکھنے کی اجازت دے دی۔
کیس کی سماعت جسٹس مرزا وقاص رؤف نے کی، فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کی جانب سے بیرسٹر حسنین چوہدری عدالت میں پیش ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق مقامی افراد کی جانب سے ڈیم کی تعمیر کے خلاف حکم امتناع حاصل کیا گیا تھا، بیرسٹر حسنین نے عدالت کو بتایا کہ حکومت نے ڈڈوچہ ڈیم کی تعمیر کے سلسلے میں تمام قانونی تقاضے پورے کیے تھے، اس کے بعد ہی ڈیم کی تعمیر کی جا رہی ہے۔
وکیل نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار نے غلط بیانی کر کے ڈڈوچہ ڈیم کے خلاف حکم امتناع لیا تھا، درخواست گزار متاثرہ فریق بھی نہیں ہے، جب کہ ورک آرڈر کو بھی چیلنج نہیں کیا گیا ہے۔
وکیل ایف ڈبلیو او بیرسٹر حسنین چوہدری کا مؤقف تھا کہ یہ رٹ قابل سماعت نہیں ہے، جب کہ ڈیم کے بر وقت تعمیر نہ ہونے سے راولپنڈی اور اسلام آباد میں پانی اور بجلی کا بحران پیدا ہوگا۔
وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ڈڈوچہ ڈیم کی تعمیر روکنے سے متعلق جاری حکم امتناع واپس لیا جائے۔ جس پر عدالت نے استدعا قبول کرتے ہوئے حکم امتناع واپس لیتے ہوئے حکومت کو ڈڈوچہ ڈیم کی تعمیر جاری رکھنے کی اجازت دے دی۔