کراچی: مہنگائی سے پریشان عوام کے لیے بڑی خبر آگئی، دودھ کی فی لیٹر قیمت میں 50 روپیہ کا اضافہ بہت جلد متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے ڈیری فارمرز نے دودھ کی قیمت میں فوری طور پر 50 روپے فی لیٹر اضافے کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت نے یکم اکتوبر تک اضافہ منظور نہ کیا تو وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر احتجاج کیا جائے گا۔
کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے کہا کہ حالیہ سیلاب نے ڈیری سیکٹر کو شدید نقصان پہنچایا ہے، دودھ کی پیداوار پر آنے والی لاگت میں تقریباً 30 فیصد اضافہ ہوا ہے، جس کی وجہ سے فارمرز کے لیے موجودہ نرخوں پر کاروبار جاری رکھنا ناممکن ہو رہا ہے۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ کراچی میں ایک ملین سے زائد گائے اور بھینسیں موجود ہیں، جو روزانہ تقریباً 50 لاکھ لیٹر دودھ پیدا کرتی ہیں۔ تاہم بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت کے باعث دودھ کی موجودہ قیمت 220 روپے فی لیٹر فارمرز کے لیے بھاری نقصان کا باعث بن رہی ہے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق فارمرز اس وقت روزانہ تقریباً 3 ارب روپے کا نقصان برداشت کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر دودھ کی قیمت 270 روپے فی لیٹر نہ کی گئی تو فارمرز مویشیوں کو چارہ اور دیگر ضروریات پوری کرنے سے قاصر ہوں گے، جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر مویشیوں کی بھوک اور ہلاکت کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔
ڈیری فارمرز نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر قیمت میں اضافے کی منظوری دے، ورنہ احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


