تازہ ترین

ادھار رقم واپس نہ کرنے پر دلت شخص قتل

بھارت میں بجلی کا بل ادا کرنے کے لیے لی گئی رقم واپس نہ کرنے پر چار افراد نے دلت شخص کی جان لے لی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گروگرام کے علاقے بلاسپور میں 33 سالہ دلت شخص کو مبینہ طور پر چار افراد نے رقم واپس نہ دینے پر موت کے گھاٹ اتار دیا۔

ملزمان دلت شخص کو لکڑی سے پیٹتے رہے زخمی شہری کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔پولیس کے مطابق متاثرہ شخص کی شناخت اندر کمار کے نام سے ہوئی اور اس کی کریانہ کی دکان تھی۔

رپورٹ کے مطابق اندر کے گاؤں میں رہائش پذیر ساگر یادیو نے اسے بجلی کا بل ادا کرنے کے لیے 19 ہزار روپے دیے تھے۔

پولیس کا بتانا ہے کہ اندر نے ان پیسوں میں سے تین ہزار روپے خرچ کردیے اور بجلی کا بل بھی ادا نہ کرسکا۔

ایف آئی آر میں والد دیپ چند نے موقف اختیار کیا کہ ساگر گھر آیا اندر سے کہا کہ جتنی جلدی ہوسکے 16 ہزار روپے واپس کرے۔ انہوں نے کہا کہ منگل کی رات ساگر نے بیٹے کو کال کیا اور مندر بلایا پھر اس نے مجھے فون کیا اور کہا کہ اندر نے کل تک پیسے دینے کا وعدہ کیا ہے اگر وہ پیسے نہ دے سکا تو آپ کو دینے ہوں گے۔‘

تاہم اگلے روز ساگر، آزاد، مکیش اور ہتیش گھر کے باہر پہنچے اور اندر کو تشدد کا نشانہ بنانا شروع کردیا بیٹے کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اندر کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کردیا گیا ہے جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں وہ جلد گرفت میں ہوں گے۔

Comments

- Advertisement -
نعمان ناصر
نعمان ناصرhttps://arynews.tv/
صحافی و بلاگر، 6 سال سے اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں