کراچی: پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار دانش تیمور اور اداکارہ منال خان کے نئے ڈرامہ سیریل ’عشق ہے‘ کی پہلی جھلک جاری کردی گئی۔
اے آر وائی ڈیجیٹل پر ڈرامہ سیریل ’عشق ہے‘ جلد نشر کیا جائے گا، ڈرامے میں دانش تیمور پہلی بار منال خان کے ساتھ مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔
ڈرامے کی دیگر کاسٹ میں صبا فیصل، بابر علی، سجاد پال ودیگر شامل ہیں۔
’عشق ہے‘ کی ہدایت کاری کے فرائض عباس رضا نے انجام دیے ہیں، ڈرامے کی لکھاری ریحانہ آفتاب ہیں، جبکہ پروڈیوسرز فہد مصطفیٰ اور علی کاظمی ہیں۔
عشق ہے کی پہلی جھلک جاری کی گئی ہے جس میں دانش تیمور منال خان سے کہتے ہیں کہ ’اپنی نظر اتار لو کہیں تمہیں میری نظر نہ لگ جائے۔‘
ڈرامے کی ویڈیو سے یہ واضح ہوتا ہے کہ دانش تیمور اور منال خان ایک دوسرے سے محبت کرتے ہیں لیکن منال خان کے اہلخانہ ان کی محبت کے خلاف ہوتے ہیں۔
جب منال کے گھر والوں معلوم ہوتا ہے کہ وہ دانش تیمور سے محبت کرتی ہیں تو وہ ان پر سختی کرتے ہیں اور وہ کہتی ہیں کہ ’کیا ایک اچھی بیٹی کو محبت کی اجازت نہیں ہوتی۔‘
ویڈیو کے آخر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گھر والوں سے چھپ کر دانش تیمور اور منال خان نکاح کرلیتے ہیں اور گھر والے بھی منال خان کی رخصتی کسی اور سے کردیتے ہیں، دانش تیمور گاڑی میں بیٹھے یہ سب دیکھ رہے ہوتے ہیں۔