شوبز انڈسٹری کے معروف اداکارہ عائزہ خان سے طلاق کی افواہوں پر دانش تیمور کی بھابھی کا سخت ردعمل سامنے آگیا۔
حال ہی میں اداکارہ عائزہ خان نے سوشل میڈیا پر اپنے انداز میں نمایاں تبدیلیاں کیں اور چند تصاویر شیئر کیں جس پر ان کے روایتی اور سادہ لباس پسند کرنے والے مداح حیران رہ گئے تاہم ان کی نجی زندگی سے متعلق قیاس آرائیوں کو اس وقت مزید ہوا ملی جب وہ شوہر دانش تیمور کے ڈرامے کی سنیما پریمیئر تقریب میں شریک نہ ہوئیں۔
اس کے علاوہ عائزہ خان کی جانب سے انسٹاگرام پر دانش تیمور کے ساتھ بعض تصاویر ہٹانے یا ان میں ترمیم کرنے کی بات بھی سامنے آئی، جسے سوشل میڈیا صارفین نے ان کے بدلتے ہوئے انداز کے ساتھ جوڑتے ہوئے دونوں کی مبینہ علیحدگی کے بارے میں سوالات اٹھانا شروع کردیے۔
عائزہ خان نے ایک فین پیج کی جانب سے کیے گئے تبصرے کا جواب دیتے ہوئے ان افواہوں کو مسترد کردیا۔ اداکارہ نے واضح کیا کہ ان کی طلاق یا علیحدگی سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبریں بے بنیاد اور جعلی ہیں۔
Lifestyle News – Latest Entertainment News, Celebrity Gossip
اب دانش تیمور کی بھابھی سدرہ زاہد تیمور نے ان افواہوں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے لکھا کہ ’جب وہ (عائزہ) دانش کے ساتھ پریمیئر پر آتی ہیں تب بھی لوگ ٹرول کرتے ہیں کہ لائم لائٹ لے رہی ہیں اور جب نہیں آتیں تب بھی مسئلہ ہے، آپ لوگ اداکاروں کو کیا سمجھتے ہیں، وہ انسان ہیں، ان کا دل ہے، جب وہ گئی تھیں ’شیر‘ کے پریمیئر پر تو کیا نہیں کہا گیا تھا، افسوس انسان کسی حال میں خوش نہیں ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’عائزہ دانش کو سپورٹ کرتی ہیں، دونوں خوش ہیں ان کا بہترین رشتہ ہے یہ تمام قیاس آرائیاں بے بنیاد ہیں۔‘



